ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سینکڑوں ٹن سونا امریکا سے واپس جرمنی پہنچ گیا

سینکڑوں ٹن سونا امریکا سے واپس جرمنی پہنچ گیا

Sat, 11 Feb 2017 11:16:11    S.O. News Service

برلن،10؍فروری(ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا)جرمنی کا مرکزی بینک ’بنڈس بانک‘ بتدریج وہ سونا واپس لا رہا ہے، جسے سرد جنگ کے دوران بیرونی دنیا بالخصوص امریکا میں رکھا گیا تھا۔ اب تک تین سو ٹن سونا واپس جرمنی پہنچ چکا ہے۔نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس بینک نے جمعرات نو فروری کو بتایا کہ 2016ء4 میں نیویارک کے فیڈرل ریزرو بینک سے ایک سو گیارہ ٹن سونا واپس لایا گیا۔ وہاں پڑے ہوئے تین سو ٹن سونے کی یہ آخری کھیپ تھی، جو واپس جرمنی لائی گئی۔ جرمنی کا مرکزی بینک پیرس سے بھی ایک سو پانچ ٹن سونا واپس لایا ہے۔جرمنی کے مرکزی بینک نے نیویارک میں پڑے ہوئے تین سو ٹن سونے اور پیرس میں محفوظ تین سو چوہتّر ٹن سونے کو واپس جرمنی منتقل کرنے کا پروگرام 2013ء میں شروع کیا تھا۔ اْس سے پہلے تک جرمنی کا صرف اکتیس فیصد سونا بڑی بڑی ڈلیوں کی صورت میں ملک کے اندر محفوظ تھا۔ ابھی بھی جرمنی کا اکیانوے ٹن سونا بدستور پیرس میں پڑا ہے، جسے مرحلہ وار واپس لایا جائے گا۔اس بینک کا کہنا ہے کہ بیرونی ممالک میں پڑا ہوا جرمن سونا واپس لانیکا پروگرام اس سال مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد جرمنی کے پاس موجود سونے کے مجموعی ذخائر کا نصف حصہ فرینکفرٹ میں مرکزی جرمن بینک کے تہ خانوں میں محفوظ ہو چکا ہو گا۔ اس خالص سونے کی جرمنی منتقلی کا سارا عمل انتہائی راز میں رکھا جاتا ہے۔بتایا گیا ہے کہ جرمنی کے سونے کے مجموعی ذخائر تین ہزار تین سو اکیاسی ٹن پر مشتمل ہیں۔ جرمنی کا باقی سونا نیویارک اور لندن میں محفوظ ہے۔ جرمنی کے پاس سونے کی دو لاکھ ستّر ہزار سے زائد ڈلیاں ہیں اور یہ دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا دوسرا بڑا ذخیرہ ہے۔سرد جنگ کے دوران اس سونے کو بیرونِ ملک منتقل کر دیا گیا تھا، یہ سوچ کر کہ جرمنی کی بجائے یہ سونا نیویارک کے فیڈرل ریزرو بینک، لندن کے بینک آف انگلینڈ اور پریس کے بینک آف فرانس میں زیادہ محفوظ رہے گا۔جرمنی کے دوبارہ اتحاد کے وقت تک صرف ستتّر ٹن سونا ہی وفاقی جمہوریہ جرمنی کے اندر محفوظ تھا، جو کہ جرمنی کے مجموعی سونے کا محض دو فیصد بنتا تھا۔صرف جرمن ریاست ہی کے پاس اتنا زیادہ سونا نہیں ہے بلکہ جرمن شہری اپنی ذاتی حیثیت میں بھی سونے کے ایک بڑے ذخیرے کے مالک ہیں۔ایک اندازے کے مطابق عام جرمن شہریوں کے پاس آٹھ ہزار چھ سو بہتّر ٹن سونا ہے، جس کا نصف حصہ ڈلیوں اورسکّوں کی صورت میں ہے۔ تقریباً چار ہزار ٹن زیورات کی شکل میں ہے۔ گزشتہ سال ایک نجی یونیورسٹی کے محققین نے عام جرمن شہریوں کے پاس موجود سونے کی مالیت کا اندازہ تین سو پچھتر ارب یورو لگایا تھا۔


Share: